پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادب

پاکستان تاریخی ورثے اور مذہبی مقامات سے مالامال، سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات ہیں: ملک احمد خاں

اسلامی و مذہبی سیاحت کو قومی معیشت کا مؤثر حصہ بنانے کیلئے تحقیق، مربوط حکمت عملی اور وفاق و صوبوں میں تعاون ضروری ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخی ورثے، متنوع ثقافت اور مذہبی مقامات سے مالامال ملک ہے، جہاں اسلامی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس شعبے کو قومی معیشت کا مؤثر حصہ بنانے کیلئے جامع تحقیق، مربوط حکمت عملی اور وفاقی و صوبائی سطح پر مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔

دوسری بین الاقوامی اسلامی سیاحت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور مختلف تہذیبوں کے امتزاج نے اسے سیاحت کے حوالے سے ایک منفرد مقام عطا کیا ہے۔ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مقامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرکے نہ صرف سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاحت معیشت کا ایک اہم شعبہ بن چکی ہے، تاہم پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی حقیقی معاشی استعداد کا تعین کرنے کیلئے مستند اور جامع تحقیق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کو قومی معیشت کے ساتھ مؤثر طور پر منسلک کرنے کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ، مشاورت اور مربوط پالیسی ناگزیر ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور سیاسی عدم استحکام جیسے چیلنجز کے باوجود پاکستان میں اندرونِ ملک سیاحت کی طلب موجود ہے، جو اس شعبے میں موجود وسیع امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے جامعات، اساتذہ اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ ماہرین پر مشتمل تحقیقی ٹیموں کے ذریعے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنے میں فعال کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی ورثے کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے اور سیاحت کو معاشی ترقی کے مؤثر ذریعے کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button