پاکستانتازہ ترین

پٹرول کی قلت ہوئی تو فی لٹر قیمت ایک ہزار روپے تک جاسکتی ہے: وزیر پٹرولیم

لاہور (بیورو چیف) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملک میں پٹرول کی قلت پیدا ہوئی تو اس کی فی لٹر قیمت ایک ہزار روپے تک جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فی الحال ملک میں پٹرول کی کوئی قلت نہیں ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم پاکستان میں عوام کو عالمی قیمتوں کے مکمل اثرات سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکا میں تیل مہنگا ہوگیا ہے جبکہ فرانس میں تیل کی دستیابی سے متعلق مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 80 فیصد اضافہ ہوا، تاہم پاکستان میں اس کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمتوں کے اثرات کو محدود رکھنے کی کوشش کی ہے۔ سردیوں میں عوام کو گیس کی قلت کا سامنا نہیں ہونے دیا جائے گا، ضرورت پڑی تو زیادہ مقدار میں گیس درآمد کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز ایک ہی دن میں 18 کروڑ روپے کے ٹوکن جاری کیے گئے۔ انہوں نے جماعت اسلامی پر زور دیا کہ عوام کی مشکلات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے وفد کو حکومتی چیلنجز سے آگاہ کیا گیا ہے جبکہ ملک میں تیل کی تلاش کے لیے کنوؤں پر کام شروع کردیا گیا ہے اور اکتوبر کے دوران تیل کی دریافت کی کوشش کی جائے گی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی سے بھی کہیں گے کہ حکومت کی مخالفت میں دوسروں کے بچوں کو ایندھن نہ بنایا جائے۔ اسلام آباد پر کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علیمہ خان کی حراست سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں اس معاملے کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر اسمبلی میں بحث کی جائے گی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ عوام کے لیے تیل کی قیمت کم کرنا ان کی ذمہ داری ہے جبکہ توانائی کے شعبے سے متعلق فیصلے قومی مفاد اور ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button