پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم کا چھوٹے کاروبار کی معاونت کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کا حکم

عوام کو فیول سبسڈی کے حصول میں سہولت دینے کیلئے ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت؛ پمز ہسپتال میں اصلاحات اور پاکستانی مصنوعات کیلئے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر بھی زور

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کی مالی معاونت کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔

وزیراعظم کے زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت اور سہولیات کی فراہمی کیلئے سمیڈا کی زیر نگرانی جاری اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمیڈا ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرے۔ انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو حکمت عملی کا حصہ بنانے کی ہدایت بھی کی۔

فیول سبسڈی کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کیلئے سبسڈی کے آسان حصول کیلئے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔

پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل میں عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

پمز ہسپتال میں نظام کی بہتری کیلئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن

وزیراعظم نے پمز ہسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام کی بہتری، اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں تجویز کردہ اقدامات آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کے زیر صدارت پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے لائحہ عمل کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں پمز کی تحقیقاتی رپورٹ اور وزارت قومی صحت کی جانب سے ہسپتال کے پرفارمنس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے طویل مدتی اقدامات پر مبنی جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف سے پاک، جاپان گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چودھری آصف محمود نے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستانی مصنوعات کے عالمی منڈیوں میں فروغ، نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات دور کرنے اور ملکی برآمدات کے حجم میں اضافے کیلئے مؤثر اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی، ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

فرانسیسی سفیر کی وزیراعظم سے الوداعی ملاقات

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں فرانس کے سبکدوش ہونے والے سفیر نکولس گالے نے الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button