لاہور (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو کسی دوسرے صوبے سے نہیں بلکہ نااہلی سے خطرہ ہے، کام نہ کرنے سے تھریٹ ہے۔ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی ترقیاتی کام ہونے چاہئیں، عوام کی خدمت کے لیے محنت کرنا ہوگی، محنت کریں گے تو کام نظر آئے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سڑکوں کی دیکھ بھال سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہر ضلع میں ’’اسپیشل روڈ مینٹیننس سکواڈ‘‘ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
مریم نواز شریف نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ روڈ مینٹیننس سکواڈ کے ذمہ سڑکوں کی روزانہ جانچ پڑتال، مرمت و بحالی، صفائی اور ٹوٹ پھوٹ کی بروقت درستگی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے مخصوص اربن روڈز پر کیٹ آئی کی تنصیب لازمی قرار دیتے ہوئے پائیداری اور خوبصورتی کے لیے تھرموپلاسٹک روڈ مارکنگز استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر اور تحصیل کے داخلی راستوں پر کنکریٹ کے داخلی دروازے تعمیر نہ کرنے اور ہر شہر کے داخلی راستے پر سرسبز و شاداب پلاٹ میں شہر کا نام کندہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
فوڈ سٹریٹس اور سبزی منڈیوں کے لیے خصوصی ہدایات
مریم نواز نے فوڈ سٹریٹس کو مخصوص اور الگ تجارتی علاقوں کے طور پر منصوبہ بندی کرنے کا حکم دیتے ہوئے صوبہ بھر کی تمام سبزی منڈیوں میں بہتر رسائی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور منظم تجارتی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے تمام ترقیاتی منصوبے منظور شدہ ڈیزائن، معیاری مواد اور مقررہ ٹیکنیکل اسٹینڈرڈز کے مطابق مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں جاری منصوبوں کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
پنجاب میں دن رات ترقیاتی کام کر رہے ہیں: مریم نواز
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں ترقی اور عوامی فلاح کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی کام ہونا چاہیے اور عوام کی خدمت کے لیے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔
مریم نواز نے مسلم لیگ ن میں اختلافات اور تقسیم کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کسی قسم کی کوئی تقسیم نہیں، جماعت متحد ہے اور سب مل کر کام کر رہے ہیں۔ پارٹی کو توڑنے یا تقسیم کرنے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔
وزیراعلیٰ نے اپنی بیٹی کی گریجویشن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی گریجویشن ان کے اور ان کے خاندان کے لیے خوشی کا موقع ہے۔
عالمی یومِ خواندگی پر اساتذہ کو خراج تحسین
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر تمام قابلِ قدر اساتذہ کرام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواندگی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کا اولین فرض ہے۔
یومِ بحریہ پر پاک بحریہ کو خراج تحسین
مریم نواز شریف نے سمندری حدود کی حفاظت کے لیے خدمات انجام دینے والے پاک بحریہ کے ہر افسر اور جوان کو خراج تحسین جبکہ شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یومِ بحریہ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نیوی نے ہر موقع پر اپنی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن پر اپنی برتری ثابت کی۔



