
لاہور:(بیوروچیف) وزارت خزانہ نے سول سرونٹس کی سپیشل پے سکیلز اور کنٹریکچوئل عہدوں پر تقرری سے متعلق پالیسی میں اہم ترمیم کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت سول سرونٹس کوکھلے مقابلے کے عمل( اوپن کمپیٹیٹو پراسس) کے ذریعے سپیشل پے سکیلز کے ساتھ ساتھ بعض کنٹریکچوئل عہدوں پر بھی تقرری کی اجازت ہوگی جبکہ ایسی تعیناتیوں پر ڈیپوٹیشن پالیسی کے تحت متعلقہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزارت خزانہ نے سپیشل پے سکیلز اور کنٹریکچوئل عہدوں سے متعلق نیا آفس میمورنڈم جاری کیا ہے جس کے ذریعے گزشتہ سال جاری کی گئی پالیسی میں جزوی ترمیم کی گئی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق مینجمنٹ پے سکیل، پروجیکٹ پے سکیل اور سپیشل پے سکیل کے ساتھ کنٹریکچوئل عہدوں کو بھی پالیسی کے دائرہ کار میں شامل کرلیا گیا ہے۔
آفس میمورنڈم کے مطابق سپیشل پے سکیلز پر تعینات سول سرونٹس کو ڈیپوٹیشن پالیسی کے تحت دستیاب سہولیات حاصل ہوں گی جبکہ نئی پالیسی کے تحت سول سرونٹس کی تقرری اور تعیناتی بھی ڈیپوٹیشن پالیسی کے مطابق کی جائے گی۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی اکثریتی ملکیت اور انتظامی اختیار رکھنے والے اداروں کو سرکاری ادارے تصور کیا جائے گا، نئی پالیسی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے زیر انتظام اداروں پر بھی لاگو ہوگی۔



