google-site-verification=lY9Q0ltSKw-SRzooqMn9sstbtAm06IiRncsiBe1xwnw
پاکستانتازہ ترین

مخصوص نشت سے وزیر اعظم آزادکشمیر کاحلف،افتخار گیلانی کون ہیں؟

پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان صرف 14 ووٹ حاصل کر سکے، پہلے میں صرف مظفرآباد آج پورے کشمیر کا نمائندہ بن چکا ہوں:افتخار گیلانی

مظفرآباد:(ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری طارق فاروق نے ان سے حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی کا کہنا کہ وہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے منصب پر اعتماد کا اظہار کرنے پر پارٹی قائدین سمیت تمام افراد کا شکر گزار ہوں، آزاد کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی مثال بنانے کے لیے سب کو مل کر چلنا ہوگا۔

نومنتخب وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے قانون ساز اسمبلی کے ارکان کی حمایت درکار ہے، تمام ممبران کے تعاون سے آزاد کشمیر کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔

انتخابی عمل کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان صرف 14 ووٹ ہی حاصل کر سکے۔ اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے کل 32 اراکین موجود ہیں جبکہ 7 نشستوں پر تاحال انتخابات کا عمل مکمل ہونا باقی ہے۔

یاد رہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل وزیر تعلیم کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

بیرسٹر افتخار گیلانی پہلی بار 2011 میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ موجودہ اسمبلی میں وہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کر کے ایوان میں پہنچے تھے۔

اُن کی نامزدگی پر پارٹی قیادت نے گزشتہ اہم اجلاس میں مہر ثبت کی تھی۔

حکومت سازی کے لیے منعقدہ اس اہم مشاورتی اجلاس میں رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے شرکت کی۔ اجلاس میں نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق اور ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری سمیت دیگر اعلیٰ قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی کے نام پر مکمل اتفاق رائے کا اظہار کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے اپنی ہی پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار افتخار گیلانی کو ووٹ نہیں دیا۔ یاد رہے کہ شاہ غلام قادر وزارت عظمیٰ کے امیدوار تھے تاہم پارٹی کی جانب سے اُن کی نامزدگی نہیں کی گئی تھی جس پر انھوں نے اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

حالیہ عام انتخابات میں بیرسٹر افتخار گیلانی دارالحکومت مظفر آباد سے ن لیگ کے امیدوار تھے اور انھیں پیپلز پارٹی کے امیدوار مختار احمد عباسی نے شکست دی تھی، تاہم بعدازاں وہ مخصوص نشست پر نامزدگی کے ذریعے اسمبلی پہنچ گئے۔

 

نومنتخب وزیر اعظم افتخار گیلانی کا کہنا ہے کہا ہے کہ ’میری پارٹی کو مجھ پر جتنا اعتماد ہے، اُس کا اظہار ووٹ سے ظاہر ہو گیا ہے۔‘

‘آج جن ایم ایل ایز (اراکین اسمبلی) نے مجھے ووٹ دیا ہے وہ سب منتخب ہو کر ایوان کا حصہ بنے ہیں۔ پہلے میں صرف مظفرآباد کا نمائندہ تھا اور آج ان منتخب اراکین کے ووٹ کی مدد سے پورے کشمیر کا نمائندہ بن چکا ہوں۔‘

اُن کی بطور وزیر اعظم نامزدگی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ ’مخصوص نشست پر منتخب ہو کر اسمبلی کا حصہ بننے پر نہ تو کوئی آئینی پابندی ہے اور نہ ہی اخلاقی۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، یہ پہلے بھی ہو چکا ہے۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم کانفرنس کے رہنما سردار عبدالقیوم خان علما و مشائخ کی مخصوص نشست پر کامیاب ہونے کے بعد سنہ 1991 سے سنہ 1996 تک پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم رہے تھے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button