والد کو آپ سے پیار کرتا ہوں نہیں کہہ سکا :ریمبو

لاہور:( کلچرل رپورٹر)نامور اداکار افضل خان عرف ریمبو نے کہا ہے آپ اپنے والد سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں،میں اپنی والدہ سے تو لپٹ بھی لیا کرتا تھا لیکن والد صاحب سے کبھی اپنے جذبات کا اظہار نہیں کر سکا۔
ایک انٹر ویو میں ریمبو نے کہا کہ آج اگر میرے والد میرے سامنے آ جائیں تو میں انہیں سینے سے لگا کر کہوں کہ بابا مجھے آپ سے بہت پیار ہے۔
میرے والد نے ہمیں بڑی محنت اور محبت سے پالا ،ہماری ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔
والدین کی محبت کا کوئی نعم البدل نہیں، ہمیں ان کی زندگی میں ہی ان کی قدر کرنی چاہیے۔ بعض اوقات انسان اپنے جذبات دل میں رکھ لیتا ہے اور پھر وقت گزرنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ کاش وہ بات اس وقت کہہ دی ہوتی۔
والد کی شفقت اور تربیت نے ہماری شخصیت بنانے میں اہم کردار ادا کیا،والدین کی دعائیں اور ان کی محنت اولاد کے لیے زندگی بھر سرمایہ رہتی ہیں۔



