پاکستانتازہ ترینکاروبار

مریم نواز کی ایکسپو سینٹر آمد، ’’پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026‘‘ کا افتتاح

وزیراعلیٰ کا آٹو موبائل صنعت کو صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کا اہم ذریعہ قرار، مختلف اسٹالز کا دورہ

لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایکسپو سینٹر لاہور میں ’’پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ تین روزہ پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ نے آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں سے غیر رسمی ملاقات کی اور قومی معاشی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔ پنجاب حکومت مقامی پیداوار، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے مؤثر ثابت ہوگا۔ آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ ماہرین نے وزیراعلیٰ کے وژن کو قابلِ تقلید قرار دیا۔

الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کے نمائندوں اور انتظامی افسران نے گرین ٹیکسی اور وزیراعلیٰ بائیک اسکیم کو سراہا، جبکہ ٹریکٹر ساز صنعت کے نمائندگان اور مالکان نے گرین ٹریکٹر اسکیم کے اجرا کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

آٹو شو کا افتتاح کرنے کے بعد مریم نواز شریف نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔ انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کا معائنہ کیا اور الیکٹرک ایمبولینس میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سوزوکی کمپنی کے بائیو گیس ماڈل کا بھی جائزہ لیا۔

آٹو شو میں مجموعی طور پر 150 نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 44 بین الاقوامی اور 43 مقامی نمائش کنندگان شامل ہیں۔

نشتر ہسپتال میں کینسر علاج کی جدید سہولیات کا جائزہ

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان کے نشتر ہسپتال میں پی ای ٹی، سی ٹی سائیکلوٹرون اور کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ نے کوابلیشن سینٹر کا دورہ کیا اور جدید مشین کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پی ای ٹی، سی ٹی سائیکلوٹرون سینٹر میں سائیکلوٹرون مشین کے طریقہ کار کا معائنہ کیا، جبکہ ریڈیو فارماسیوٹیکل پروڈکشن لیب اور فارمیسی ہاٹ لیب کا بھی دورہ کیا۔

مریم نواز نے نشتر ہسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے او پی ڈی، آئی سی یو اور دیگر وارڈز کے علاوہ کیموتھراپی اور ریڈیوتھراپی رومز کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل اور سی ٹی سیمولیٹر روم جبکہ فوکسڈ ریڈیو تھراپی لینئر ایکسیلیٹر روم کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ملتان کینسر سینٹر میں جدید چینی کرائیو ایبلیشن مشین کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ کرائیو ایبلیشن مشین کے ذریعے سوئی کے ذریعے کینسر کی رسولیوں کو ختم کرنے کا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔

مریم نواز شریف نے کوابلیشن مشین کے ذریعے کینسر کا علاج کرانے والی پہلی مریضہ مسرت ارشد سے ملاقات کی۔ انہوں نے میاں چنوں کی 24 سالہ نسرین کی بھی عیادت کی اور اس سے شفقت کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے نسرین کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین سے کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن مشین لائی گئی ہے، اب انہیں فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے نسرین کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے ڈاکٹرز سے بھی گفتگو کی اور انہیں عوام کی خدمت کی تلقین کی۔ ڈاکٹرز کی خواہش پر انہوں نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال میں موجود شہریوں کو دیکھ کر ان کے پاس جا کر گفتگو کی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہنگو اور شمالی وزیرستان میں کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مریم نواز نے کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب خودکش حملے کی بھی پرزور مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button