لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکپتن سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور شہری و دیہی علاقوں کی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں فاروق احمد مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم اور سردار منصب علی ڈوگر شامل تھے۔ ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں الیکٹرو بس سروس کے اجرا، شہر کی خوبصورتی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جدید سفری سہولتوں اور ترقیاتی منصوبوں سے ضلع کے عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے۔
ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں شہری اور دیہی ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور جاری منصوبوں پر پیش رفت سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں الیکٹرو بس سروس کے اجرا کو سراہتے ہوئے اسے دہائی کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بابا فرید کی دھرتی پر جدید، ماحول دوست اور سستی سفری سہولت کی فراہمی پر وہ عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔
ارکان کے مطابق پاکپتن میں 15 ماحول دوست الیکٹرو بسیں تین بڑے روٹس پر شہریوں کو معیاری، آرام دہ اور سستی سفری سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ جنرل بس اسٹینڈ پاکپتن سے عارف والا، بنگہ حیات اور نور پور سیال کے روٹس پر روزانہ ہزاروں مسافر اس جدید سفری نظام سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے پاکپتن شہر کی بیوٹیفکیشن، مختلف ترقیاتی منصوبوں اور جدید نواز شریف اسکولز آف ایمننس کے قیام پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ پاکپتن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھی جائے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکپتن سمیت ہر شہر اور گاؤں کی ترقی اور بہتری ہمارا نصب العین ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ برسوں سے نظر انداز رہنے والا پاکپتن بھی اب ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ پنجاب کے ہر شہر اور ہر علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ پنجاب کو بہتر سے بہترین صوبہ بنانے کے لیے دن رات کام جاری ہے، جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات، جدید سفری نظام اور بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
میجر عزیز بھٹی شہید کو خراج عقیدت
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 1965ء کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کو یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے دھرتی کی حفاظت کرتے ہوئے بہادری اور شجاعت کی ایسی مثال قائم کی جس نے دشمن کو بھی ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن کے لیے میجر عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کو اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔
محمود بشیر ورک کے انتقال پر اظہار افسوس
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔



