پاکستانتازہ ترینصحتکالم

نادیہ ثاقب اور پنجاب کے شعبہ صحت میں تبدیلی کی کوشش

تحریر: سعدیہ مقصود

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں اصلاحات، مؤثر نگرانی، شفافیت اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صوبائی وزیرِ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے پنجاب بھر میں مسلسل فیلڈ وزٹس، احتساب اور اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا، جبکہ سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب نے گزشتہ دو برسوں کے دوران انتظامی سطح پر ان پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

نادیہ ثاقب

اگست 2024 میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد نادیہ ثاقب نے روایتی دفتری انداز کے بجائے عملی میدان کو ترجیح دی۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے اچانک دورے، ادویات کی دستیابی، صفائی، ایمرجنسی، لیبارٹری، فارمیسی، طبی عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ ان کی ترجیحات میں شامل رہا۔ متعدد مواقع پر انہوں نے مریضوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

ان کی نگرانی میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پروگرام، زچہ و بچہ کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈینگی سمیت موسمی بیماریوں کی روک تھام، ڈیجیٹل اصلاحات، بائیومیٹرک حاضری، ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور ادویات کی مؤثر فراہمی جیسے شعبوں میں بھی مسلسل پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ مقصد صرف انتظامی بہتری نہیں بلکہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی تھا۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران نادیہ ثاقب کو بعض فیصلوں اور انتظامی اقدامات پر تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں اور بعض حلقوں نے ان کے طرزِ انتظام پر سوالات بھی اٹھائے۔ تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ تنقید کے باوجود انہوں نے اپنی توجہ عوامی خدمت، فیلڈ مانیٹرنگ اور صحت کے نظام میں بہتری کی کوششوں پر مرکوز رکھی۔ ان کے دوروں اور اجلاسوں کا تسلسل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ انتظامی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سرگرم رہیں۔

صحت کا شعبہ بلاشبہ ایک وسیع اور چیلنجنگ میدان ہے، جہاں تمام مسائل کا فوری حل ممکن نہیں ہوتا۔ تاہم گزشتہ دو برسوں میں یہ ضرور دیکھنے میں آیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن، وزیرِ صحت خواجہ عمران نذیر کی پالیسی رہنمائی اور سیکرٹری نادیہ ثاقب کی انتظامی نگرانی میں محکمہ صحت و آبادی پنجاب میں اصلاحات اور جوابدہی کے عمل کو آگے بڑھانے کی مسلسل کوشش کی گئی۔ یہی تسلسل مستقبل میں صحت کے نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button