پاکستانتازہ ترینسپورٹس

بسنت ،زندہ دلان لاہور کیلئے گرینڈ کلچرل میلے کا فیصلہ

لاہور کی ثقافت اور روایتی رنگوں کو بسنت فیسٹیول کا نمایاں حصہ بنایا جائیگا: بلال یاسین

لاہور:(بیوروچیف)صوبائی دارالحکومت لاہور میں رنگ، روشنی اور ثقافت کے حسین امتزاج سے بسنت فیسٹیول سجانے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بسنت فیسٹیول کے موقع پر زندہ دلان لاہور کیلئے گرینڈ کلچرل میلہ سجانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس مد میں وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت بسنت فیسٹیول کی تیاریوں اور انتظامات بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے بسنت فیسٹیول کے انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر نے اندرون لاہور میں بسنت کے رنگوں سے سجا گرینڈ کلچرل میلہ منعقد کرنے کی تیاریوں بارے تجاویز طلب کر لیں۔ انہوں نے شہر کی اہم شاہراہوں اور مرکزی مقامات کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرکے خصوصی بیوٹیفیکیشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پھول، پتنگیں، روشنیاں اور ثقافتی رنگ لاہور کی خوبصورتی میں چار چاند لگائیں گے،لاہور کی شاہراہیں رنگ برنگی سجاوٹ، خصوصی فلوٹس اور ثقافتی جھلکیوں سے جگمگائیں گی۔لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کو خیر مقدمی بینرز، رنگا رنگ آرائش اور خصوصی لائٹنگ سے سجایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی لاہور کی ثقافت اور روایتی رنگوں کو بسنت فیسٹیول کا نمایاں حصہ بنایا جائے گا۔شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی فلوٹس اور ثقافتی جھلکیاں پیش کی جائیں گی۔بسنت فیسٹیول میں روایتی کھانوں اور لاہوری ذائقوں کے خصوصی کھابہ سٹالز لگائے جائیں گے۔معروف موسیقار اور فنکار اپنی موسیقی سے زندہ دلان لاہور کا لہو گرمائیں گے۔

بسنت فیسٹیول کا مقصد لاہور کی ثقافتی رونقیں بحال کرتے ہوئے شہریوں کو صحت مند اور بھرپور تفریح فراہم کرنا ہے۔پی ایچ اے شہر کے پارکس، گرین بیلٹس، شاہراہوں اور اہم مقامات پر خصوصی آرائشی اقدامات بھی کرے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button