پاکستانتازہ ترین

میجر جنرل راشد محمود کی ملکی و عسکری خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: گورنر پنجاب

سردار سلیم حیدر خان کی مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات، اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی؛ اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لاہور میں میجر جنرل راشد محمود (مرحوم) کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرحوم کے والد اور بچوں سے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

گورنر پنجاب نے مرحوم کے اہل خانہ، خصوصاً بچوں کو اپنے پاس بٹھایا، گلے لگا کر شفقت کا اظہار کیا اور انہیں دلاسہ دیا۔ اس موقع پر میجر جنرل راشد محمود کے والد اپنے مرحوم بیٹے کی ملک و قوم کے لیے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ میجر جنرل راشد محمود کی اچانک وفات پر انہیں دلی افسوس ہے۔ مرحوم ایک فرض شناس، دیانت دار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افسر تھے، جن کی خدمات پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ملک کے لیے میجر جنرل راشد محمود کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی اور قومی خدمت کا جذبہ قابلِ قدر ہے۔

گورنر پنجاب نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان ملک و قوم کی خدمت کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔

واضح رہے کہ میجر جنرل راشد محمود پاک فوج کے سینئر افسر تھے اور کراچی لاجسٹکس ایریا کے کمانڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button