پاکستانتازہ ترین

حکومت اور پیپلز پارٹی میں تناؤ کم کرنے پر اتفاق، ایک دوسرے کی حکومتیں نہ گرائی جائیں: بلاول بھٹو

اسلام آباد، لاہور، رحیم یار خان (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور حکومتی وفد کے درمیان ہفتہ کو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے باہمی تناؤ کم کرنے کا فیصلہ کیا اور ایک دوسرے کے خلاف کم سے کم بیانات دینے پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب رحیم یار خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک دوسرے کی حکومتیں نہ گرائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کیا جائے تو ہر مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج پر حمایت کی درخواست

حکومتی ذرائع کے مطابق وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، طارق فضل چودھری اور بلال اظہر کیانی شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے بلاول بھٹو سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کے لیے حمایت اور ووٹ کی درخواست کی۔ ملاقات میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور گورنر راج کے معاملے پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔

پارلیمنٹ کا اجلاس اور قانون سازی

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے قانون سازی کی خواہش کا اظہار کیا اور پہلے قومی اسمبلی، پھر سینیٹ کا اجلاس بلانے کی تجویز دی۔ بلاول بھٹو نے اپنے دونوں پارلیمانی لیڈرز کی موجودگی میں اجلاس بلانے کی تجویز پر اتفاق کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سے دو روز میں قومی اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ سامنے آئے گی، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پہلے کی طرح مل کر قانون سازی کریں گی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے صوبوں اور ریفرنڈم پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے گھر چھاپے کا معاملہ ذاتی طور پر دیکھیں۔ جے یو آئی سربراہ کے اہلِ خانہ سے مبینہ ناروا سلوک کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔

صدر زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات

ادھر لاہور میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں دونوں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق تینوں اہم شخصیات نے ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر مشاورت کی۔

ایک دوسرے کی حکومتیں نہ گرائی جائیں: بلاول

رحیم یار خان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں ہمارے بڑوں نے غلطیاں کیں اور پھر ان سے سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میثاقِ جمہوریت کے بعد اب ہم ایک دوسرے کی حکومت گرانے کی سازش نہیں کرتے، اور اس روایت کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کھینچا تانی میں لگے رہے تو منصوبے رک جائیں گے اور عوام کا نقصان ہوگا۔ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دی جائے اور حکومت تمام کام باہمی رضامندی سے کرے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کو حکومت ملتی تو بعض اوقات ایک سال بھی پورا نہ ہوتا کہ حکومت چلی جاتی اور منصوبے رک جاتے۔ اسی طرح میاں صاحب کی حکومت بھی وقت سے پہلے ختم ہو جاتی اور ان کے منصوبے ادھورے رہ جاتے۔

مریم نواز کا شکریہ

بلاول بھٹو نے ایس آئی یو ٹی منصوبہ جاری رہنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اس لیے چل رہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر یہ روایت قائم رکھی ہے تو میں بھی اسے قائم رکھتا ہوں۔

ایس آئی یو ٹی ہسپتال کا سنگِ بنیاد

بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی کے نئے ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب سے سیاست میں آیا ہوں، کوشش ہے کہ غریب عوام کو عالمی معیار کے علاج کی سہولت ملے۔ مفت علاج اور روٹی، کپڑا اور مکان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہیں۔ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے کسی کو علاج سے محروم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بیماری معلوم ہو اور علاج بھی موجود ہو، مگر وسائل نہ ہونے سے مریض علاج نہ کرا سکے تو یہ سزائے موت بن جاتی ہے۔ گمبٹ سے کراچی تک گردوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان، کوٹ ادو، گوجر خان اور ڈی جی خان میں بھی ایس آئی یو ٹی کی سہولت پہنچانی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مفت علاج کی سہولت پہنچے۔

مہنگائی اور بے روزگاری

بلاول بھٹو نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت اہم مسائل ہیں، جبکہ خطے کی صورتحال کے باعث معاشی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اختلافات بھلا کر ان کا مقابلہ کیا جائے تو کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل نہ ہو۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button