اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون کے بعد اقتصادی اور زرعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے زراعت، آبی وسائل، غذائی تحفظ اور اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ اتفاقِ رائے سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان بن عبدالمحسن الفضلی کی وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ہوا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی، آبی وسائل، غذائی تحفظ اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لیے اب اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے دونوں ممالک کو باہمی طور پر فائدہ پہنچے گا اور اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارت، بالخصوص پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی زرعی ماہرین کا سعودی عرب کا دورہ
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ پاکستانی زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ وفد کے دورۂ ریاض کے دوران زراعت، پانی کے وسائل اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کے امکانات پر مزید بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان زرعی شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے عملی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمان بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
سعودی وزیر نے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ بھی کیا



