آل پاکستان اور سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کےزیر اہتمام لیبر قوانین سےآگاہی کیلئے ورکشاپ
مزدوروں میں قانونی شعور کی بیداری ،ٹریڈ یونین نمائندوں کیلئے لیبر قوانین سے مکمل آگاہی ضروری ہے:سلطان خان

کوئٹہ:( وی او این ) آل پاکستان لیبر فیڈریشن اور پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن نے انڈسٹری آل گلوبل یونین کے اشتراک سے ٹریڈ یونین نمائندوں کو لیبر قوانین، مزدوروں کے بنیادی حقوق اور قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کیلئے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
جس کا مقصد مزدور رہنمائوں میں قانونی شعور کو فروغ دینا، کام کی جگہ پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا اور آجر و اجیر کے درمیان خوشگوار تعلقات کو فروغ دینا تھا۔

ورکشاپ میں آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صدر سلطان محمد خان ، پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے چیئرمین عبدالستار ،ممبرنیشنل کمیشن ہیومن رائٹس بلوچستان فرخندہ اورنگزیب ،عجب خان ، ولید ، عبدالغفار جمالی ،منظور احمد بلوچ،آصف شاہ ، نور شاہ اور عبدالستار جونیئر سمیت مختلف ٹریڈ یونین نمائندوں نے شرکت کی۔
ماسٹر ٹرینر عبدالعلیم خان نے ورکشاپ کے دوران شرکاءکو لیبر قوانین کے بنیادی نکات، ملازمین کے قانونی حقوق، اجرتوں کی ادائیگی، اوقات کار، ہفتہ وار تعطیلات، سالانہ و دیگر چھٹیوں، سوشل سکیورٹی، پنشن، پیشہ ورانہ تحفظ اور کام کی جگہ پر صحت و سلامتی کے اصولوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پرسلطان محمد خان نے ٹریڈ یونین کے کردار، اجتماعی سودے کاری، مزدوروں کی شکایات کے ازالے اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے مسائل کے حل بارے تفصیل سے آگاہی فراہم کی۔سلطان محمد خان نے ورکشاپ میں شرکاءکو اس بات کی بھی ترغیب دی کہ وہ حاصل کردہ معلومات کو اپنی متعلقہ ٹریڈ یونینز اور کارکنوں تک پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ محنت کش اپنے قانونی حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ ہو سکیں۔
آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صدر سلطان محمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مزدور کسی بھی صنعتی و معاشی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ ایک منصفانہ، مستحکم اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، ٹریڈ یونین نمائندوں کیلئے لیبر قوانین سے مکمل آگاہی ناگزیر ہے تاکہ وہ مزدوروں کے مسائل کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں، ان کی مو ¿ثر نمائندگی کر سکیں اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔
پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے چیئرمین عبدالستار کا کہنا تھا کہ لیبر قوانین پر مو ثر عمل درآمد نہ صرف مزدوروں کے استحصال کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ اس سے صنعتی امن، پیداواری صلاحیت اور اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مزدوروں اور انتظامیہ کے درمیان باہمی احترام، مکالمے اور قانون کی پاسداری کو فروغ دے کر صنعتی تنازعات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
ورکشاپ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مزدوروں میں قانونی آگاہی کے فروغ، لیبر قوانین پر عمل درآمد اور کارکنوں کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے تربیتی و آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جانا چاہیے تاکہ ایک منصفانہ، محفوظ اور باوقار ماحول کار کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔



